Chal Diye Tum Aankhoñ Me
Written by Huzoor Taajush Shariah Allama Mufti Muhammad Akhtar Raza Khan Azhari
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaچل دیے تم آنکھ میں اشکوں کا دریا چھوڑ کر
رنجِ فرقت کا ہر اک سینے میں شعلہ چھوڑ کر
لذّتِ مَے لے گیا وہ جام و مینا چھوڑ کر
میرا ساقی چل دیا خود مَے کو تشنہ چھوڑ کر
ہر جگر میں درد اپنا میٹھا میٹھا چھوڑ کر
چل دیے وہ دل میں اپنا نقشِ والا چھوڑ کر
جامۂ مشکیں لیے عرشِ معلّیٰ چھوڑ کر
فرش پر آئے فرشتے بزمِ بالا چھوڑ کر
عالمِ بالا میں ہر سو مرحبا کی گونج تھی
چل دیے جب تم زمانے بھر کو سونا چھوڑ کر
موتِ عالم سے بندھی ہے موتِ عالم بے گماں
روحِ عالم چل دیا عالم کو مردہ چھوڑ کر
متّقی بن کر دکھائے اس زمانے میں کوئی
ایک میرے مفتیِ اعظم کا تقویٰ چھوڑ کر
خواب میں آ کر دکھاؤ ہم کو بھی اے جاں کبھی
کون سی دنیا بسائی تم نے دنیا چھوڑ کر
ایک تم دنیا میں رہ کر تارکِ دنیا رہے
رہ کے دنیا میں دکھائے کوئی دنیا چھوڑ کر
اس کا اے شاہِ زمن سارا زمانہ ہو گیا
جو تمہارا ہو گیا سارا زمانہ چھوڑ کر
رہنماؔئے راہِ جنت ہے تیرا نقشِ قدم
راہِ جنت طے نہ ہوگی تیرا راستہ چھوڑ کر
مثلِ گردوں سایہِ دستِ کرم ہے آج بھی
کون کہتا ہے گئے وہ بے سہارا چھوڑ کر
ہو سکے تو دیکھ اختر باغِ جنت میں اسے
وہ گیا تاروں سے آگے آشیانہ چھوڑ کر