Jalwa e Maah e Arab
Written by Huzoor Mufti-e-Azam Hind Allama Mustafa Raza Khan Noori
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaماہِ تاباں تُو ہوا مہرِ عجم ماہِ عرب
ہیں ستارے انبیا مہرِ عجم ماہِ عرب
ہیں صفاتِ حق کے نوری آئینہ سارے نبی
ذاتِ حق کا آئینہ مہرِ عجم ماہِ عرب
کب ستارہ کوئی چمکا سامنے خورشید کا
ہو نبی کیسے نیا، مہرِ عجم ماہِ عرب
آپ ہی کے نور سے تابندہ ہیں شمس و قمر
دل چمک جائے میرا مہرِ عجم ماہِ عرب
قبر کا ہر ذرہ ایک خورشید تاباں ہو ابھی
رخ سے پردہ تو ہٹا مہرِ عجم ماہِ عرب
کوچۂ پرنور کا ہر ذرہ رشکِ مہر ہے
واہ کیا کہنا تیرا، مہرِ عجم ماہِ عرب
رو سیاہ ہوں منہ اجالا کر میرا جانِ قمر
صبح کر یا چاندنا مہرِ عجم ماہِ عرب
نیرِ چرخِ رسالت جس گھڑی طالع ہوا
عوج پر تھا غلغلہ مہرِ عجم ماہِ عرب
آپ نے جب مشرقِ انوار سے فرمایا طلوع
دامنِ شب پھٹ گیا مہرِ عجم ماہِ عرب
ظلمتِ شب مٹ گئی جب آپ جلوہ گر ہوئے
رات تھی پر دن ہوا مہرِ عجم ماہِ عرب
تم نے مغرب سے نکل کر ایک قیامت کی بپا
کافروں پر سرور مہرِ عجم ماہِ عرب
آفتابِ ہاشمی تو غرب سے طالع ہو پھر
کر سویرا نور کا مہرِ عجم ماہِ عرب
حق کے پیارے نور کی آنکھوں کے تارے ہو تمھیں
نور چشم انبیاء مہر عجم ماہ عرب
زلف والا کی صفت واللیل ہے قرآن میں
اور رخ کی والضحیٰ، مہر عجم ماہ عرب
ظلمتیں سب مٹ گئیں ناری سے نوری ہو گیا
جس کے دل میں بس گیا مہر عجم ماہ عرب
ظلمتوں پر ظلمتیں ہیں میرے مولا قبر میں
اب تو اپنا منہ دکھا، مہر عجم ماہ عرب
مہر فرما مہر سے، عصیاں کی ظلمت محو کر
جلوہ فرما ہو ذرا، مہر عجم ماہ عرب
ایک اشارے سے قمر کے تم نے دو ٹکڑے کیے
مرحبا صد مرحبا مہر عجم ماہ عرب
نور سے معمور ہو جائے مرا سینہ اگر
دل پہ رکھ دے اپنا پا، مہرِ عجم ماہِ عرب
نور کی سرکار ہے تو بھیک بھی نوری ملے
قلبِ نوری جگمگا، مہرِ عجم ماہِ عرب