Back to Collection

Jo Khwaab Me Kabhi Aa-eñ Huzoor Aankhoñ Me

Written by Huzoor Mufti-e-Azam Hind Allama Mustafa Raza Khan Noori

Urdu

Complete Ash'aar & Transliteration

Matla to Maqta

جو خواب میں کبھی آئیں حضور آنکھوں میں

سرور دل میں ہو پیدا، تو نور آنکھوں میں

ہٹا دیں آپ اگر رخ سے اک ذرا پردہ

چمک نہ جائے ابھی برقِ طور آنکھوں میں

نظر کو حسرتِ پا بوس ہے میرے سرور

کرم حضور کریں، پر ضرور آنکھوں میں

کھلے ہیں دیدۂ عشّاق قبر میں یوں ہی

ہے انتظار کسی کا ضرور آنکھوں

خدا ہے تو نہ خدا سے جدا ہے اے مولا

تیرے ظہور سے ربّ کا ظہور آنکھوں میں

وجودِ شمس کی برہاں ہے خود وجود اس کا

نہ مانے کوئی اگر ہے قصور آنکھوں میں

خدا سے تم کو جدا دیکھتے ہیں جو ظالم

ہے ضِیق قلب میں ان کے، فتور آنکھوں میں

نہ اک دل کے مہ و مہر، انجم و نرگس

ہے سب کی آرزو، رکھیں حضور آنکھوں میں

امنڈ کے آہ! نہیں آئے اشک ہائے خوں

یہ آ رہا ہے دلِ ناصبور آنکھوں میں

حضور آنکھوں میں آئیں، حضور دل میں سمائیں

حضور دل میں سمائیں، حضور آنکھوں میں

غلاف چشم کے اٹھتے ہی آسمان گئے

نظر کے ایسے قوی ہیں طیور آنکھوں میں

نظر نظیر نہ آیا، نظر کو کوئی کہیں

جچے نہ غِلماں نظر میں، نہ حور آنکھوں میں

ہماری جان سے زیادہ قریب ہو ہم سے

تمہیں قریب جو ہم کو ہے دور آنکھوں میں

جہاں کی جان ہیں وہ، جان سے کچھ منظور

عیاں ہے کف کی طرح، نِزد و دور آنکھوں میں

مئے محبت محبوب سے یہ ہیں سر سبز

بھری ہوئی ہے شرابِ طہور آنکھوں میں

ہوا ہے خاتمہ ایمان پر تیرا نوری

جبھی ہیں خلد کے حور و قصور آنکھوں میں