Mustafa e Zaat e Yakta Aap Haiñ
Written by Huzoor Taajush Shariah Allama Mufti Muhammad Akhtar Raza Khan Azhari
Urdu
Complete Ash'aar & Transliteration
Matla to Maqtaمصطفٰے ذاتِ یکتا آپ ہیں
یک نے جس کو یک بنایا آپ ہیں
آپ جیسا کوئی ہو سکتا نہیں
اپنی ہر خوبی میں تنہا آپ ہیں
آب و گل میں نور کی پہلی کرن
جانِ آدم جانِ حوّا آپ ہیں
حسنِ اوّل کی نمودِ اوّلیں
بزمِ آخر کا اجالا آپ ہیں
لا مکاں تک جس کی پھیلی روشنی
وہ چراغِ عالم آرا آپ ہیں
ہے نمک جس کا خمیرِ حسن میں
وہ ملیحِ حسنِ آرا آپ ہیں
زِیْب و زِینِ خاک و فخرِ خاکیان
زینتِ عرشِ معلّیٰ آپ ہیں
نازشِ عرش و وقارِ عرشیان
صاحبِ قوسین و ادنیٰ آپ ہیں
آپ کی طلعت خدا کا آئینہ
جس میں چمکے حق کا جلوہ آپ ہیں
آپ کی رویت ہی دیدارِ خدا
جلوہ گاہِ حق تعالیٰ آپ ہیں
آپ کو رب نے کیا اپنا حبیب
ساری خلقت کا خلاصہ آپ ہیں
آپ کی خاطر بنائے دو جہاں
اپنی خاطر جو بنایا آپ ہیں
جاں تو ای جاناں قرارِ جاں تو ای
جانِ جاں، جانِ مسیحا آپ ہیں
پیکرِ ہر شے میں جاں بن کر نہاں
پردوں پردوں میں ہویدا آپ ہیں
آپ سے خود آپ کا سائل ہوں میں
جانِ جاں میری تمنا آپ ہیں
آپ کی طلعت کو دیکھا جان دی
قبر میں پہنچا تو دیکھا آپ ہیں
بر درت آمد گدا بحرِ سلام
ہو بھلا اختر کا داتا آپ ہیں